بلوچستان کے علاقے واشک اور تمپ میں پاکستانی سیکورٹی فورسز نے 4 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیاہے۔
ضلع واشک میں ہفتے کے روز پاکستانی سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کرکے تین افرادکوقتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع واشک کے علاقے ناگ میں فورسز نے فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کردیا۔
جن کی شناخت ٹوبہ کے رہائشی عوض بلوچ ولد امام بخش، الیاس ولد بشیر اور اکبر ولد دوستا کے ناموں سے ہوئی ہے۔
تاہم حکام کا موقف اس حوالے سے تاحال سامنے نہیں آیا ہے ناہی واقعہ کے محرکات تاحال معلوم ہوسکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے ضلع کیچ کے علاقوں تمپ اور مند کے پہاڑی سلسلے میں آپریشن کے دوران سکندر عرف شے مرید ولد چیئرمین دوست محمد ساکن گومازی ہلاک ہوگئے۔
پاکستانی سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق وہ کالعدم تنظیم کے ایک کمانڈرتھے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ ضلع واشک کے علاقے ٹوبہ میں مقامی آبادی کا گھیراؤ اور انہیں نقل و حرکت سے متعلق پابندی کا سامنا تھا۔
بلوچ قوم پرست حلقوں کی جانب سے گزشتہ کئی مہینوں سے یہ شکایت موصول ہورہی تھی کہ ٹوبہ کے علاقے میں پاکستانی فورسز نے مقامی آبادی میں آپریشن تیز کردی ہے اور اس سلسلے میں مقامی خواتین نے بھی احتجاج کیا تھا۔