گوادر کے عوام ٹی ایل پی کی طرح احتجاج کرتے تو پارلیمنٹ کو بائی پاس کر لیتے، حافظ حسین احمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا کہ گوادر کے مظلوم عوام سی پیک سمیت گوناگون مسائل کے حوالے سے کئی روز سے دھرنے پر بیٹھے ہیں لیکن مرکزی اور صوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی جبکہ میڈیا بھی اس حوالے سے اب تک خواب خرگوش میں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا کے نمائندوں اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں سی پیک کے فنڈز لاہور میٹرو کی نذر ہوگئے جبکہ اب آئی ایم ایف کی احکامات کے تحت سی پیک پر کام کچھوے کی رفتار سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گوادر کے ہزاروں مرد و زن ٹی ایل پی کے دھرنے کی طرح پنجاب یا اسلام آباد میں ہو تے تو کالعدم ہونے کے باوجود آئین، قانون اور پارلیمنٹ کو بائی پاس کرتے ہوئے وفاقی وزراء کی جم غفیر دھرنا دینے والے قائدین کے قدموں میں پڑے ہوئے نظر آتے مگر گوادر کے مجبور مظلوم ہزاروں احتجاج کرنے والوں کو محض تسلی دینے کے لیے بھی وزیر اعلیٰ نے بھی زحمت نہیں کی باقی مسائل کے حل کا تو ویسے بھی ان کو اختیار نہیں۔

جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ کم از کم صوبہ بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، علماء کرام، وکلا ء، عزام، تاجر، طلباء، ٹرانسپورٹر اور زمینداروں وغیرہ کو گوادر کے مجبور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا فرض ادا کرنا چاہئے۔

Share This Article
Leave a Comment