میانمار میں بڑے پیمانے اور منظم طریقے سے شہریوں پرحملے کیے جارہے ہیں، اقوام متحدہ

0
164

اقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ فوج کی جانب سے یکم فروری کو آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کو ختم کرکے اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد سے میانمار میں شہریوں پر بڑے پیمانے پر اور منظم طریقے سے حملے کیے گئے ہیں جو انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ نکولس کومجیان نے بتایا کہ میانمار کے لیے آزاد تحقیقاتی کمیٹی کو فوج کے قبضے کے بعد سے اب تک 2 لاکھ سے زیادہ شکایات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 15 لاکھ سے زیادہ شواہد اکٹھے کیے ہیں جن کا تجزیہ کیا جا رہا ہے ’تاکہ میانمار میں سنگین بین الاقوامی جرائم کے ذمہ داروں کو احتساب کے دائرے میں لایا جا سکے۔

اس بات کا تعین کرتے ہوئے کہ عام شہریوں کے خلاف جرائم بڑے پیمانے پر اور منظم دکھائی دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تفتیش کاروں نے تشدد کے کیسز دیکھے ہیں۔

کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ یہ ایک ہی وقت میں مختلف جگہوں پر ہو رہا تھا، جس سے ہمارے لیے یہ نتیجہ اخذ کرنا منطقی ہو گا کہ یہ ایک مرکزی پالیسی سے تھا۔

نکولس کومجیان نے کہا کہ ’ہم نے دیکھا کہ مخصوص گروہوں کو نشانہ بنایا گیا، ماورائے قانون گرفتاریوں ہوئیں اور اس میں یقیناً صحافی، طبی کارکن اور سیاسی مخالفین شامل ہیں۔

کومجیان نے کہا کہ ان کی ٹیم افراد، تنظیموں، کاروباروں اور حکومتوں سمیت مختلف ذرائع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہے اور شواہد میں تصاویر، ویڈیوز، شہادتیں اور سوشل میڈیا پوسٹس شامل ہیں۔

کومجیان نے کہا ہم نے 2019 سے ہی فیس بک کے ساتھ رابطہ شروع کر دیا تھا اور وہ ہم سے باقاعدگی سے ملتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں کچھ موصول ہوا ہے لیکن یقینی طور پر سبھی نہیں، جن کی ہم نے درخواست کی ہے تاہم ہم ان کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں اور درحقیقت، مجھے امید ہے کہ ہم مزید معلومات حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

نکولس کومجیان نے کہا کہ انسانی حقوق کی کونسل نے خصوصی طور پر تفتیش کاروں کو ہدایت کی کہ وہ میانمار کی روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف ہونے والے جرائم کی تحقیقات میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے ساتھ تعاون کریں اور اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے روہنگیا کے خلاف نسل کشی سے متعلق اں صاف کے لیے بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جائے۔

واضح رہے کہ یکم فروری کو میانمار کی فوج نے ملک میں منتخب سیاسی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور دیگر سیاست دانوں سمیت آنگ سان سوچی کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مختلف الزامات کے تحت مقدمات چلائے جارہے ہیں۔

فوج کے اس عمل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو تا حال جاری ہے، جس میں اب تک فورسز کی جانب سے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا، جس کے باعث متعدد مظاہرین ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔

منتخب اراکین پارلیمنٹ کے گروپ، جو روپوش ہیں، کی جانب سے ایک خفیہ پارلیمنٹ قائم کی گئی ہے جسے انہوں نے کمیٹی برائے پیئیڈونگسو ہلوٹو (چی آر پی ایچ) کا نام دیا ہے، جس کا مقصد فوجی حکومت کی مذمت کرنا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here