نوبیل انعامل برائے ادب کا فیصلہ کرنے والی رائل سوئیڈش اکیڈمی نے اپنے اعلان میں کہا ہےکہ ہن کانگ کو یہ انعام ان کی ’’احساس سے سرشار شاعرانہ نثر کے لیے دیا جا رہا ہے جس میں تاریخی صدمات اور انسانی زندگی کی ناپائیداری کا احاطہ کیا گیا ہے۔‘‘
ہن کانگ 1970 میں جنوبی کوریا کے شہر گوانگجو میں پیدا ہوئیں اور نو برس کی عمر میں دارالحکومت سول منتقل ہو گئی تھیں۔
رائل سوئیڈش اکیڈمی کی ویب سائٹ کے مطابق ہن کانگ ادبی پس منظر رکھتی ہیں۔ ان کے والد بھی ناول نگار تھے۔
ہن کانگ تحریر و تصنیف کے ساتھ ساتھ موسیقی سے بھی گہرا شغف رکھتی ہیں اور ان کے ادبی شہ پاروں میں اس کا اثر نظر آتا ہے۔
ہن کانگ نے 1993 میں بطور شاعر اپنی ادبی زندگی کا آغاز کیا اور دو برس بعد ان کی مختصر کہانیوں کا مجموعہ شائع ہوا۔
سن 2007 میں ان کے ناول ’دی ویجیٹیرین‘ سے انہیں عالمی سطح پر شہرت حاصل ہوئی۔ یہ ان کا پہلا ناول تھا جس کا انگریزی میں ترجمہ کیا گیا۔
بعدازاں 2010 میں ان کا ناول ’دی ونڈ بلوز‘، 2023 میں ’گریک لیسن‘، 2014 میں ’ہیومن ایکٹ‘، 2017 میں ’دی وائٹ بک‘ اور 2021 میں ’وی ڈونٹ پارٹ‘ شائع ہوا۔
نوبیل انعام حاصل کرنے والوں کو تقریباً 10 لاکھ ڈالر کی رقم بھی دی جاتی ہے۔ یہ رقم انعام کا آغاز کرنے والے سوئیڈش موجد الفریڈ نوبیل کے ترکے سے دی جاتی ہے۔
اس سے قبل منگل کو فزکس اور بدھ کو کیمسٹری کے نوبیل انعامات کا بھی اعلان ہوچکا ہے۔ امن کے لیے نوبیل انعام کا اعلان جمعے اور معاشیات کے لیے 14 اکتوبر کو انعام کا اعلان کیا جائے گا۔
انعام حاصل کرنے والوں کو 10 دسمبر کو الفریڈ نوبیل کی برسی کے موقعے پر منعقد ہونے والی تقریب میں انعام وصول کرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔