مقبول انڈین موسیقار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کے درمیان شادی کے 29 برس بعد علیحدگی ہو گئی ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اے آر رحمان نے لکھا کہ ’ہم نے تیس سال ساتھ گزارنے کی امید کی تھی، لیکن ایسا لگتا ہے کہ تمام چیزوں کا ایک انجام ہوتا ہے۔ ٹوٹے ہوئے دلوں کے بوجھ سے خدا کا تخت بھی کانپ سکتا ہے۔
’پھر بھی اس کے بکھرنے میں ہم معنی تلاش کرتے ہیں، اگرچہ ٹکڑے دوبارہ اپنی جگہ نہیں جڑ پاتے۔ اس نازک باب سے گزرتے ہوئے آپ کے خلوص اور ہماری رازداری کا احترام کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔‘
اے آر رحمان اور سائرہ بانو کے تین بچے ہیں۔ منگل کے روز سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ نے ان دونوں کی طلاق کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
ان کے بیان میں کہا گيا کہ ’شادی کے کئی سالوں کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر مسٹر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ انھوں نے تعلقات میں اہم جذباتی تناؤ کے بعد کیا ہے۔
’ایک دوسرے سے گہری محبت کے باوجود جوڑے نے یہ محسوس کیا کہ تناؤ اور مشکلات نے ان کے درمیان ایک ناقابل تسخیر فاصلہ پیدا کر دیا ہے، جسے کوئی بھی فریق بھی دوبارہ طے کرنے کے قابل نہیں۔۔۔‘
اے آر رحمان اور سائرہ بانو دونوں عام طور پر اپنی نجی زندگی کو سلور سکرین کی چمک دمک سے دور رکھنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
اے آر رحمان کو تو لوگوں نے دنیا بھر میں کانسرٹس اور دیگر تقریبات میں دیکھ رکھا ہے لیکن سائرہ بانو اور ان کے تین بچے مجموعی طور پر شہرت کی چمک دمک سے دور ہی رہے ہیں۔
اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بعض نیوز پورٹل سائرہ بانو کے نام پر معروف اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ اور معروف اداکارہ سائرہ بانو سے ملا رہے ہیں۔