عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے تقریباً ساڑھے تین سال بعد عالمی وبا کورونا کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی کے خاتمے کا اعلان کردیا۔
کورونا وائرس کا آغاز دسمبر 2019 کے اختتام پر چین سے ہوا تھا اور جنوری 2020 تک یہ وائرس دیگر ممالک تک پھیل گیا تھا، جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے اسے گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا تھا۔
عالمی ادارہ صحت نے 30 جنوری 2020 کو کورونا کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا تھا اور پھر ایک ماہ بعد 12 مارچ 2020 کو اسے ’عالمی وبا‘ قرار دیا گیا تھا۔
کورونا کی وجہ سے گزشتہ ساڑھے تین سال میں دنیا بھر میں 29 اپریل تک 7 کروڑ 65 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوتے جب کہ اس سے 69 لاکھ 21 ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔
کورونا کی عالمی صحت ایمرجنسی کو ختم کرنے سے قبل عالمی ادارہ متعدد بار خبردار کر چکا تھا کہ شاید ہی کورونا اب کبھی ختم ہو لیکن اب ادارے نے اس کے کم ہونے کی تصدیق کردی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے 5 مئی کو کورونا کی ’گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی‘ ختم کرنے کا اعلان کیا، تاہم واضح کیا کہ یہ سمجھنا غلط ہوگا کہ بیماری ختم ہوگئی۔
عالمی ادارے کے سربراہ ٹیدروس ادہانوم نے جنیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کورونا کی عالمی صحت ایمرجنسی کے خاتمے کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے کے ماہرین صحت کا اجلاس 4 مئی کو ہوا تھا، جس میں کورونا کی تبدیل ہوتی صورتحال پر غور و فکر کرنے کے بعد تجویز دی گئی تھی کہ اس کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی کو ختم کرنا چاہئیے۔
ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ 24 اپریل 2023 تک کورونا سے ہفتہ وار اموات انتہائی کم ہوکر 3500 تک پہنچ چکی تھیں جب کہ شروع میں اس سے ہفتہ وار ایک لاکھ اموات ہوتی تھیں۔
عالمی ادارے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے گزشتہ ساڑھے تین سال میں ہر تین منٹ کے دوران ایک موت ہوئی اور اس نے کروڑوں لوگوں کی زندگی کو متاثر کیا۔
عالمی ادارے کے سربراہ نے مزید کہا کہ اگرچہ ادارے کے پاس کورونا سے مرنے والے افراد کی تعداد 70 لاکھ سے بھی کم ہے لیکن اندازہ ہے کہ اس سے لگ بھگ دو کروڑ افراد ہلاک ہوئے ہوں گے۔