جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مرکزی قائد مولانا فضل الرحمٰن اور مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف گزشتہ روز بلوچستان کے اضلاع خضدار اور سوراب میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور قومی شاہراہ کو بلاک کیا گیا، جس کے بعد خضدار پولیس نے جے یو آئی کے 22 رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوراب میں جے یو آئی کے کارکنان نے تحصیل امیر مولانا غلام اللہ مرداشئی کی قیادت میں کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ (مین آر سی ڈی روڈ) کو بلاک کر کے احتجاجی دھرنا دیا۔
یہ احتجاج مرکزی قائد مولانا فضل الرحمٰن کے حکم اور صوبائی و ضلعی قیادت کی ہدایات پر کیا گیا، جس کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
دوسری جانب خضدار میں بھی گزشتہ روز روڈ بلاک کرنے اور ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے کے الزام میں خضدار پولیس نے جے یو آئی کے 22 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں حافظ بلال احمد مردوئی، مولانا عبدالشکور، حافظ اصغر، مولانا عبدالحلیم، عبدالکریم متوکل، مفتی عبدالقادر شاہوانی، مولانا عنایت اللہ رودینی، طلحہ مردوئی، مولانا محمد اسحاق شاہوانی، عبدالغفور، حافظ منظور احمد، مولانا بشیر احمد عثمانی، مولانا نور اللہ سمانی، عبدالحمید باجوئی، حامد، مولوی عیسیٰ، مولوی ذکریا، مولوی موسیٰ، مولانا عبدالغفار بزنجو، مجیب الرحمان اور شعیب شاہوانی کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں نامزد افراد پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے سڑک بلاک کر کے ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مظاہرے کے دوران غلط اور بے بنیاد الزامات بھی عائد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔