بلوچستان کے علاقے خاران، بولان اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی سلسلے کوہِ سلیمان میں گذشتہ روز علی الصبح مسلح افراد کی جانب سے پاکستانی فورسز کی تنصیبات و اہلکاروں پر حملوں، مختلف شاہراہوں پر ناکہ بندیوں اور مواصلاتی ٹاورز کو تباہ کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق خاران شہر میں صبح سویرے بڑی تعداد میں مسلح افراد داخل ہو گئے اور شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کر لیں۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے خاران-کوئٹہ روڈ پر واقع پولیس اسٹیشن اور ڈی آئی جی پولیس کمپلیکس کو حملوں کا نشانہ بنایا، جبکہ شہر کے مختلف اطراف سے شدید فائرنگ اور زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
اس کے علاوہ خاران کے علاقے گواش میں بھی سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملے کی اطلاع ہے۔
دوسری جانب بولان میں علی الصبح کیڑتگ کے مقام پر فوجی آپریشن میں مصروف پاکستانی فورسز کے اہلکاروں پر مسلح افراد نے بھاری ہتھیاروں اور راکٹوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں فورسز کے اہلکاروں کو جانی نقصانات پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوہِ سلیمان کے بلند و بالا پہاڑی مقام یکبہی میں مسلح افراد نے ناکہ بندیاں قائم کر کے مختلف راستوں سے گزرنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی، جبکہ اسی دوران ماڑ سر کے مقام پر ایک مواصلاتی کمپنی کے دو ٹاورز کو بارودی مواد نصب کر کے تباہ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ خاران، بولان اور کوہِ سلیمان کے ان علاقوں میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں، تاہم ان کارروائیوں اور حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔