سنگر نیوز ڈیسک:
بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور جبری گمشدگیوں کے خلاف جدوجہد کی عالمی علامت بننے والی بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جدوجہد کو عالمی فن اور مزاحمتی ادب میں بھی خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں سوڈان سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ اور ایوارڈ یافتہ سیاسی کارٹونسٹ خالد البیہ (Khalid Albaih) نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا ایک خصوصی پورٹریٹ تخلیق کیا ہے، جس میں انہیں سلاخوں کے پیچھے مزاحمت کے استعارے کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
ناروے میں مقیم بلوچ تحقیقاتی صحافی کئیا بلوچ (Kiyya Baloch) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی گئی نئی تفصیلات کے مطابق یہ پورٹریٹ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں منعقدہ ایک نمائش کا حصہ ہے، جو ناروے کی سب سے بڑی عوامی لائبریری ڈیچمین (Deichman) اور سینٹرالن (Sentralen) میں منعقد کی جا رہی ہے۔ اس نمائش میں بیلاروس، چین، کیوبا، ایران، پاکستان، روانڈا اور ویتنام سمیت مختلف ممالک کے زیرِ حراست لکھاریوں، کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا ہے، جس میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا پورٹریٹ بھی نمایاں طور پر شامل ہے۔ نمائشی بورڈ پر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے خاکے کے ساتھ ان کا یہ تاریخی قول بھی درج ہے: "میرا مقصد بلوچ خاندانوں کے انصاف اور خوشحالی کے لیے لڑنا ہے؛ یہی میری زندگی کا مشن (Calling) ہے”۔
خالد البیہ سوڈانی نژاد سیاسی کارٹونسٹ، ثقافتی مبصر اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن ہیں، جنہوں نے قطر اور سوڈان میں پرورش پائی اور بعد ازاں یورپ میں فنکارانہ سرگرمیوں کے دوران عالمی شہرت حاصل کی۔ انہیں 2011 کی ‘عرب بہار’ (Arab Spring) کے دوران آمریت اور ریاستی جبر کے خلاف بنائے گئے ان کے طاقتور اور علامتی خاکوں کی وجہ سے غیر معمولی عالمی پذیرائی ملی۔
خالد البیہ اپنی معروف سیریز ‘خارٹون’ (Khartoon) اور سیاسی مزاحمت پر مبنی خاکوں کے ذریعے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، نسل پرستی اور سیاسی جبر کو اجاگر کرتے ہیں۔ ان کے مشہور ترین فن پاروں میں امریکی فٹ بال کھلاڑی کولن کیپرنک (Colin Kaepernick) کی جانب سے نسلی ناانصافی کے خلاف کیے جانے والے احتجاج پر مبنی وہ معروف کارٹون بھی شامل ہے جو دنیا بھر میں مزاحمت کی علامت بن گیا تھا۔ ان کے سیاسی کارٹون اور کام دی گارڈین (The Guardian)، دی نیویارک ٹائمز (The New York Times)، اور الجزیرہ جیسے عالمی اداروں میں شائع ہو چکے ہیں، جبکہ انہیں انسانی حقوق اور آزادیِ اظہار کے لیے خدمات پر متعدد بین الاقوامی ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
پیشہ کے اعتبار سے ڈاکٹر اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف پُرامن عوامی مزاحمت کو ایک منظم تحریک کی شکل دی۔ ہزاروں متاثرہ بلوچ خاندانوں کی آواز بننے اور پُرامن احتجاجی تحریکوں کی قیادت کرنے والی ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو پاکستانی ریاستی اداروں کی جانب سے شدید کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کا سامنا رہا ہے۔جبکہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے کوئٹہ کی ہدہ جیل میں من گھڑت اور جھوٹے مقدمات کے تحت قید ہیں۔
رواں برس (2026) انہیں انسانی حقوق کے تحفظ اور غیر معمولی جرات کے اعتراف میں باوقار ایڈلسٹام پرائز (Edelstam Prize) سے بھی نوازا گیا۔ اب اوسلو کی اس نمائش میں ان کی شمولیت اور خالد البیہ جیسے عالمی شہرت یافتہ مزاحمتی فنکار کی جانب سے ان کا پورٹریٹ تخلیق کیا جانا اس بات کا غماز ہے کہ بلوچستان کا انسانی حقوق کا بحران اور ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جدوجہد سرحدوں سے نکل کر عالمی ضمیر اور مزاحمتی تحریکوں کا حصہ بن چکی ہے۔
اس سے قبل بھی ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی پُرامن انسانی حقوق کی جدوجہد کو عالمی سطح پر غیر معمولی پزیرائی حاصل ہو چکی ہے۔ اکتوبر 2024 میں امریکی جریدے ’ٹائم‘ (TIME) نے انہیں اپنی معروف فہرست ’ٹائم 100 نیکسٹ‘ (TIME100 Next) میں شامل کیا، جبکہ دسمبر 2024 میں برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے انہیں دنیا کی 100 بااثر خواتین (BBC 100 Women) کی فہرست میں جگہ دی۔ مزید برآں، مارچ 2025 میں انہیں انسانی حقوق اور پُرامن مزاحمت کے اعتراف میں باوقار ’نوبل امن انعام‘ (Nobel Peace Prize) کے لیے بھی نامزد کیا گیاتھا۔