بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کا کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6433ویں روز بھی جاری رہا۔ اس موقع پر ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کے بلوچستان چیپٹر کے کوآرڈینیٹر ملک فرید شاہوانی نے کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے جبری گمشدگیوں کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ملک فرید شاہوانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کی بازیابی فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔ جن افراد پر الزامات ہیں، انہیں منظرِ عام پر لا کر عدالتوں میں پیش کیا جائے اور انہیں اپنے دفاع اور قانونی چارہ جوئی کا مکمل حق دیا جائے۔ انہوں نے جبری گمشدگیوں اور لاپتہ بلوچ افراد کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کے خاتمے، آئین و قانون کی بالادستی اور شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ ہماری تنظیم کی طویل جدوجہد ماورائے آئین و قانون اقدامات کے خلاف ہے۔ ہم پاکستان اور بلوچستان کو جبری گمشدگیوں سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام اداروں کو اپنے فرائض اور اختیارات کا استعمال ملکی آئین و قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے کرنا چاہیے۔ کسی بھی شہری کے خلاف کارروائی کی صورت میں قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے، اسے عدالت میں پیش کیا جائے اور اسے اپنے دفاع کا حق دیا جائے۔
نصراللہ بلوچ نے مزید کہا کہ ہماری جدوجہد کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ملک میں انسانی حقوق کا احترام، شہریوں کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے اور جبری گمشدگیوں جیسے غیر قانونی اقدامات کا مکمل خاتمہ ہو۔