بلوچستان میں پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔مستونگ، کیچ (تربت) اور کوئٹہ سے دو کم عمر لڑکوں سمیت مزید 4 بلوچ شہریوں کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے، جبکہ دوسری جانب دس روز قبل لاپتہ کیے جانے والے ایک نوجوان کی بازیابی کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹاکے مطابق 18 سالہ دکاندار کامران ولد غلام سرور کو 22 نومبر 2026 کی صبح 6 بجے مستونگ کے علاقے گرگینہ کلی پسند خان کی ایک مسجد سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
اسی طرح پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور 30 سالہ خلیل بلوچ ولد حاجی محمد خان کو 16 نومبر 2026 کی صبح 10 بجے مستونگ کے علاقے گرگینہ کلی پسند خان سے پاکستانی فوج کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا۔
کمیٹی کے مطابق تربت (ضلع کیچ) کے علاقے آپسر بلوچی بازار کے رہائشی 15 سالہ مزدور نجیب ولد لال بخش کو 25 نومبر 2026 کی شام 6 بجے ایف سی اہلکاروں نے بلوچی بازار آپسر سے حراست میں لے کر جبری لاپتہ کر دیا۔
بی وائی سی کے مطابق کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر واقع کلی قمبرانی کے رہائشی 15 سالہ دکاندار ساتک قمبرانی ولد حاجی قدرت اللہ کو 27 نومبر 2026 کی شب ایک بجے سی ٹی ڈی (CTD) اور ملٹری انٹیلی جنس (MI) کے اہلکاروں نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے شاہی تمپ تربت کے رہائشی مسکان ولد احمد ، جنہیں 16 نومبر 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، ریاستی حراست سے بازیاب ہو کر 26 نومبر 2026 کو تربت میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔