بلوچستان اور کراچی سے پاکستانی فورسز نے ایک 14 سالہ بلوچ طالب علم کوجبری لاپتہ کردیا جبکہ ایک نوجوان کو جبری گمشدگی کے بعد ماورائے عدالت قتل کردیا گیا ہے اور 6 جبری لاپتہ افراد بازیاب ہو کراپنے گھروں پہنچ گئے ہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ڈیٹا کے مطابق، کوئٹہ سے ایک 14 سالہ کم عمر بلوچ طالب علم کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے، ضلع کیچ کے علاقے مند میں چند روز قبل جبری لاپتہ کیے جانے والے ایک 19 سالہ نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے، جبکہ کوئٹہ، پنجگور اور کراچی سے جبری لاپتہ کیے جانے والے 6 افراد بازیاب ہو کر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق، 15 نومبر 2026ء کی شب تقریباً 2 بجے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے اہلکاروں نے کوئٹہ کے علاقے کلی قمبرانی، قمبرانی روڈ پر واقع گھر پر چھاپہ مار کر 14 سالہ طالب علم حافظ محمد احمد ولد حاجی مراد محمد کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بتایا ہے کہ ضلع کیچ کے علاقے تمپ (گومازی) کے رہائشی 19 سالہ نوجوان عمران عبداللہ ولد عبداللہ کو حراست میں لے کر ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران عبداللہ بیرونِ ملک محنت مزدوری کر کے اپنے خاندان کی کفالت کرتا تھا۔ انہیں 9 نومبر 2026ء کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جس کے بعد 14 نومبر 2026ء کو مند کے علاقے تلمب سے ان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی۔
کمیٹی نے اس واقعے کو بنیادی انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی پر سنگین حملہ قرار دیتے ہوئے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں اور کراچی سے جبری طور پر لاپتہ کیے جانے والے 6 افراد رہا ہو کر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں، جن کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
یحییٰ بلوچ ولد پیر محمد (سکنہ کلی قمبرانی، کوئٹہ): 27 اکتوبر 2026ء کو لاپتہ کیے گئے اور 15 نومبر 2026ء کو کوئٹہ میں بازیاب ہوئے۔
عزیز ولد حیاتان (سکنہ ریش پیش پروم، پنجگور): 2 فروری 2026ء کو جبری لاپتہ کیے گئے اور 15 نومبر 2026ء کو پروم، پنجگور میں رہا ہوئے۔
زبیر بلوچ ولد سید بلوچ (سکنہ کلیری پروم، پنجگور): 5 اکتوبر 2026ء کو لاپتہ ہوئے اور 15 نومبر 2026ء کو پروم، پنجگور میں بازیاب ہو گئے۔
محمد خالد ولد محمد شفیع (سکنہ ٹکری ولیج ماڑی پور، کراچی): 16 اگست 2026ء کو لاپتہ کیے گئے اور 17 نومبر 2026ء کو ماڑی پور، کراچی میں بازیاب ہوئے۔
شہباز احمد ولد نیاز احمد (سکنہ ٹکری ولیج ماڑی پور، کراچی): 16 اگست 2026ء کو جبری لاپتہ کیے گئے اور 17 نومبر 2026ء کو ماڑی پور، کراچی میں رہا ہوئے۔
عبدالعزیز ولد نور داد (سکنہ ٹکری ولیج ماڑی پور، کراچی): 7 اگست 2026ء کو لاپتہ ہوئے اور 17 نومبر 2026ء کو ماڑی پور، کراچی میں بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بلوچستان بھر میں جاری جبری گمشدگیوں اور دورانِ حراست ہلاکتوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔