عالمی یومِ طلبہ: ہم بلوچ طلبہ کی حقوق کے لیے ان کی غیر متزلزل جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،بساک

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے عالمی یومِ طلبہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں بلوچ طلبہ کی حقوق کے لیے ان کی غیر متزلزل جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ برادری کسی بھی قوم کا وہ متحرک طبقہ ہے جو معاشرے میں تبدیلی کے لیے سب سے زیادہ متنوع آرا کا حامل ہوتا ہے۔ طلبہ معاشرے کی تشکیل میں انتہائی اثر انگیز کردار ادا کرتے ہیں اور اپنی سماجی اقدار، روایات اور طریقوں کے مطابق ترقی کے جدید نسل در نسل ماڈلز اپناتے ہیں۔ ایک طرف انہوں نے ایک مستحکم معاشرے کے تسلسل کے لیے نئے افکار تخلیق کرنے، سیکھنے کے عمل اور سماجی نظم کو برقرار رکھنے میں مدد دی ہے، تو دوسری طرف انہیں اپنی اس جدوجہد میں شدید چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وہ یا تو فرسودہ سوچ کا نشانہ بنے ہیں یا پھر اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ہر صورت میں اولین ہدف ٹھہرائے گئے ہیں۔ وہ جدید دور کی حقیقتوں، ترقی اور نئے خیالات کو اپنانے اور درست سمت دینے کا ذریعہ رہے ہیں اور قومی مفادات کی تکمیل کے ساتھ اپنی قوم کی بہتری کے لیے سرگرم عمل رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں ہر سال 17 نومبر کا دن ان چیک یونیورسٹیوں کے طلبہ کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہیں نازیوں نے قتل کیا تھا یا حراستی کیمپوں میں بھیجا تھا۔ نازیوں نے یونیورسٹیوں پر دھاوا بولا تھا اور احتجاج کرنے والے سیکڑوں طلبہ کو گرفتار کیا تھا. یہ دن اگرچہ ان طلبہ اور ان کے رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہے، لیکن یہاں کے طلبہ پابندیوں کی صورت میں بالکل اسی قسم کی طالع آزمائی اور مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسی دن 2023ء میں لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (LUAWMS) کے بلوچ طلبہ پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، لاٹھی چارج کیا گیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کی پشت پناہی میں پولیس نے انہیں گرفتار کیا۔ یہاں طلبہ کو ایک طرف نااہل طعنہ دیا جاتا ہے، تو دوسری طرف انہیں معاشرتی تبدیلی کے لیے اپنے فرائض اور ذمہ داریاں نبھانے سے روکا جاتا ہے۔ انہیں شعوری طور پر اس بات کا پابند بنایا جا رہا ہے کہ وہ اپنے معاشرے کی بہتری، ترقی اور خوش حالی کے لیے خدمات سر انجام نہ دیں۔

کمیٹی کے مطابق پاکستان میں یہ دن نہ صرف نازیوں کے ہاتھوں ذلت اور جبر کا نشانہ بننے والے چیک طلبہ کی یاد کا دن ہے، بلکہ یہ ان تمام طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بھی دن ہے جنہوں نے 1960ء کی دہائی کے اوائل سے لے کر اب تک تعلیمی جبر اور پابندیوں کے خلاف تھکن سے بے نیاز ہو کر جدوجہد کی ہے۔ ایک مستحکم معاشرے کے لیے انتہائی اہم قومی اور سماجی فرائض کی انجام دہی کے دوران طلبہ کو معطلیوں، داخلہ منسوخیوں اور تادیبی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہیں نئے خیالات اور تخلیقی سرگرمیاں جاری رکھنے سے روکنے کے لیے ہراساں کیا جاتا ہے، دھمکایا جاتا ہے، جبری طور پر لاپتہ کیا جاتا ہے یا خوفزدہ کیا جاتا ہے۔ اس قسم کے یادگاری ایام طلبہ اور نوجوان نسل کو ناانصافیوں، تعلیمی جبر اور پابندیوں کے سامنے ڈٹ جانے اور چیلنجز پر قابو پانے کے لیے حوصلہ اور جرأت عطا کرتے ہیں۔ ہم اس دن ان تمام محنتی طلبہ کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو آج بھی اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور تمام طلبہ تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اظہارِ رائے، تنظیم سازی اور وقار کے اپنے بنیادی حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔

Share This Article