صغیر اور اقرار بلوچ کی جی آئی ٹی رپورٹ مسترد کرنے پر لواحقین کا 3 روزہ احتجاج کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے چیئرمین نصر اللہ بلوچ اور جبری لاپتہ صغیر احمد بلوچ و اقرار بلوچ کے ہمشیرہ نسیدہ بلوچ، نے کوئٹہ میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں افراد کی عدم بازیابی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کل سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے تین روزہ احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر لاپتہ افراد کے دیگر لواحقین اور شہری بھی موجود تھے۔

پریس کانفرنس میں نسیدہ بلوچ اورنصر اللہ بلوچ نے مؤقف اختیار کیا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کو 11 جون 2025ء کو اورماڑہ کے علاقے بزی چیک پوسٹ (ایف سی چیک پوسٹ) سے سی ٹی ڈی اور دیگر ملکی اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کیا۔ ان کے مطابق اس موقع پر دلجان نامی شخص کو بھی حراست میں لیا گیا تھا، جسے بعد ازاں رہا کر دیا گیا، تاہم صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ تاحال لاپتہ ہیں۔

مقررین نے بتایا کہ دونوں افراد کی بازیابی کے لیے اہلِ خانہ نے متعلقہ کمیشن سے رجوع کیا اور وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ میں بھی مسلسل احتجاج ریکارڈ کرایا، لیکن تاحال ان کے بارے میں کوئی تسلی بخش معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ 16 نومبر کو جبری گمشدگیوں سے متعلق کمیشن میں ان دونوں کیسز کی سماعت ہوئی، جس میں نصر اللہ بلوچ بھی لواحقین کے ہمراہ پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران گوادر میں ایس پی کی نگرانی میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (JIT) نے اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں افراد کی گمشدگی ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے اور کسی سرکاری ادارے نے انہیں حراست میں نہیں لیا۔

تاہم صغیر احمد بلوچ کی ہمشیرہ اور اقرار بلوچ کے والد نے کمیشن کے روبرو اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے خاندانوں کی کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی یا تنازع نہیں ہے اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج ہے۔

نسیدہ بلوچ اورنصر اللہ بلوچ کے مطابق دورانِ سماعت انٹیلی جنس بیورو (IB) کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بھی اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں دونوں خاندانوں کی کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی یا تنازع کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔ اس پر کمیشن کے جج نے جی آئی ٹی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے نئی جی آئی ٹی تشکیل دے کر دوبارہ تحقیقات کرنے اور دونوں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احکامات جاری کیے۔

پریس کانفرنس کے دوران کہا گیا کہ بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے جبری گمشدگی جیسے سنگین معاملے کو ذاتی دشمنی قرار دینا متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتا ہے، لہٰذا ایسے معاملات میں شفاف، غیر جانب دار اور حقائق پر مبنی تحقیقات یقینی بنانا ضروری ہے۔

مقررین نے کہا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کے اہلِ خانہ طویل عرصے سے اپنے پیاروں کی واپسی اور انصاف کے منتظر ہیں۔ اسی تناظر میں دونوں لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کل سے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ میں تین روزہ احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں، سیاسی و سماجی تنظیموں، انسانی حقوق کے کارکنوں، وکلا، سول سوسائٹی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی کیمپ میں شرکت کرکے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں اور صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کی باحفاظت بازیابی کے لیے آواز بلند کریں۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر مطالبہ کیا گیا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کرایا جائے، جن افراد پر کسی جرم کا الزام ہے انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کرکے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں، جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو اس طویل کرب، ذہنی اذیت اور غیر یقینی صورتحال سے نجات دلائی جائے۔

Share This Article