30 اگست : جبری گمشدگیوں کے عالمی دن پر وی بی ایم پی کا احتجاجی مظاہرے کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیرِ اہتمام جبری گمشدگیوں کے عالمی دن کی مناسبت سے 30 اگست کو شام 4 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔

اس احتجاج کا مقصد بلوچستان میں جاری جبری گمشدگیوں، بالخصوص بلوچ خواتین کی جبری گمشدگیوں کے خاتمے، جبری طور پر لاپتہ بلوچ افراد کے ماورائے عدالت قتل کے سلسلے کو روکنے اور تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرنا ہے۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز حکومت، ملکی اداروں کے سربراہان اور انصاف کی فراہمی کے لیے قائم اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ جبری گمشدگیوں جیسے سنگین انسانی مسئلے کے مستقل حل اور لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ اگر کسی فرد پر کوئی الزام ہے تو اسے قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے اور اسے اپنے دفاع کا قانونی حق دیا جائے۔

ہم بلوچ قوم سمیت تمام سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، انسانی حقوق کے کارکنوں، سول سوسائٹی اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 30 اگست کو شام 4 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے منعقد ہونے والے اس پُرامن احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔

آئیں، ہم سب مل کر جبری گمشدگیوں کے خاتمے، لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article