بلوچستان کے علاقت قلات اور بلیدہ سے 3 افراد کی لاشیں برآمدہوئی ہیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
قلات کے خالق آباد کے علاقے میرانزائی سے دو نامعلوم افراد کی مسخ شدہ اور بوسیدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔
لاشیں پرانی اور بوسیدہ ہونے کے باعث تاحال مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس کے مطابق لاشوں کو شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے آر ایچ سی خالق آباد منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلیدہ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت ہاشم عمر ساکن تربت کے نام سے ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق انتظامیہ نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردی ہے۔
تاحال قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔