بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کلی شور چونگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے شاہرگ پولیس تھانے کو آگ لگا دی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد علاقے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں تین افراد موقع پر ہلاک ہوئے جبکہ دو زخمی ہوئے تھے، بعد ازاں شدید زخمیوں میں مزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاک افراد کی تعداد پانچ ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کرام اللہ ولد امان اللہ، ملا زاہد ولد پیر محمد، زمان شاہ ولد کریم، عبدالقاہر ولد حاجی غفار اور ضیاء الحق ولد عبدالحکیم شامل ہیں۔
واقعے میں زخمی ہونے والوں میں ناصر شاہ ولد غفار شاہ، ندیم شاہ ولد حاجی جانگیر شاہ، ملا صادق، ملا صمد اور ثاقب شاہ ولد تاج محمد شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر شاہرگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی افراد کا تعلق مقامی قبائل سے بتایا جاتا ہے۔
دوسری جانب واقعے کے بعد مشتعل افراد نے شاہرگ پولیس تھانے کو آگ لگا دی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر قابو پانے کیلئے علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
واقعہ کے محرکات تاحال سامنے نہیں آسکے۔