ضلع کیچ: بلیدہ میں پاکستانی فوجی کیمپ پر مسلح افراد کا بڑا حملہ، کارروائی میں خواتین بھی شامل

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ سے اطلاعات ہیں کہ مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے ایک اہم قائم شدہ کیمپ پر ایک بڑا اور اچانک حملہ کیا ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق حملہ آور بلوچ سرمچاروں نے بلیدہ کے علاقے میناز کا کامل گھیراؤ کرتے ہوئے مختلف مرکزی و ذیلی راستوں پر ناکہ بندی (Roadblocks) کر دی ہے اور علاقے میں نقل و حرکت کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

زمینی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بلیدہ میں ملٹری کیمپ پر حملے اور ناکہ بندی کی اس پیش رفت کے دوران ناکہ بندیوں اور عملی کارروائی میں مرد سرمچاروں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں بلوچ خواتین سرمچار بھی شامل ہیں، جو مسلح حالت میں اسنیپ چیکنگ اور محاصرے کا حصہ دیکھائی دے رہی ہیں۔

فی الوقت حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان اور جھڑپ کی تفصیلی صورتحال کے بارے میں حتمی معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔

بلیدہ میں خواتین کی مسلح شمولیت کا واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں ماہ 24 اکتوبر کو گوادر میں ایک بڑے اور منظم فوجی کیمپ پر فدائی حملہ کیا گیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے قبول کرتے ہوئے اسے "آپریشن الماس” کا نام دیا تھا۔

بی ایل ایف کے مطابق اس آپریشن میں الماس بلوچ نامی خاتون فدائی شامل تھی، اور یہ پورا آپریشن اسی شہید فدائی کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق بی ایل ایف کی جانب سے حال ہی میں اپنے باضابطہ خواتین مسلح یونٹ "کریمہ آرمڈ اسالٹ ڈویژن” (KAAD / کاڈ)جو کہ شہید کریمہ بلوچ کے نام سے معنون ہےکے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بلوچستان میں مختلف اہم اور تزویراتی ناکہ بندیوں و حملوں میں بلوچ خواتین کو مرد سرمچاروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر مسلح حالت میں اسنیپ چیکنگ اور عسکری عملیات کرتے دیکھا جا رہا ہے، جس سے بلوچ مزاحمتی تحریک میں ایک نیا اور انتہائی تشویشناک عسکری موڑ سامنے آیا ہے۔

Share This Article