مستونگ : وزیراعلی ہائوس کا ملازم بھائی سمیت مسلح افراد کے حملے میں ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مستونگ کے سرحدی علاقے لک پاس کے قریب غنچہ ڈھوری کے مقام پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے وزیر اعلیٰ ہائوس بلوچستان کے ملازم اور اس کے بھائی کو قتل کر دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتولین پنجپائی سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر مبینہ طور پر ٹارگٹ فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

فائرنگ کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس حکام نے لاشوں کو تحویل میں لے کر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں مقتولین کی شناخت انعام اللہ شاہ مشوانی اور فرید اللہ شاہ مشوانی کے ناموں سے ہوئی، جو پنجپائی تحصیل کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے انعام اللہ شاہ مشوانی وزیراعلی ہائوس بلوچستان میں بطور ملازم اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے اراضی سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے پسِ پردہ محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوں، بشمول ذاتی دشمنی اور ٹارگٹ کلنگ، سے تفصیلی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد ہی قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article