وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز ( وی بی ایم پی ) کی طرف سے بلوچستان میں جبری لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کا علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ 5864 ویں روز میں داخل ہوچکا ہے۔ کلات سے خدابخش بلوچ، نور محمد بلوچ اور نذیر احمد بلوچ نے کیمپ کا دورہ کیا اور اظہارِ یکجہتی کی۔ اس موقع پر شرکاء نے جبری گمشدگیوں کے متاثرین کے ساتھ انسانی ہمدردی اور انصاف کے تقاضوں پر زور دیا۔
وی بی ایم پی (وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز) کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے وفود گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل اور شہری آزادیوں پر قدغن جیسے سنگین مسائل بدستور جاری ہیں۔ ان کے مطابق ان واقعات کے تسلسل نے متاثرہ خاندانوں کو طویل المیعاد صدمے اور قانونی بےیقینی کا شکار بنایا ہے۔
انھوں نے نشاندہی کی کہ مختلف علاقوں میں ایسے غیرریاستی مسلح گروہوں کو منظم کرنے کے شواہد سامنے آئے ہیں جنھیں عوامی تحریکوں اور بنیادی حقوق کی آواز دبانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ خاص طور پر مکران، کلات، خضدار، آواران، مستونگ، بولان، مچ ، ھرنائی اور دکی جیسے علاقوں میں پاکستان فورسز کی کارروائیوں میں غیرمعمولی تیزی دیکھی گئی ہے۔
ماما قدیر بلوچ نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انھوں نے کہا کہ خاموشی اور غیرعملی ردعمل نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تسلسل کو تقویت دی ہے، جس سے نہ صرف متاثرہ خطے بلکہ پورے جنوبی ایشیائی خطے کے امن، انصاف اور قانون کی بالادستی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ بلوچ عوام کو اپنے آئینی اور انسانی حقوق سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے، اور دن دیہاڑے نوجوانوں کا جبری لاپتہ ہونا، ماورائے عدالت قتل، اور ان کے اہل خانہ کا انصاف کے لیے دہائی دینا ایک سنگین انسانی المیہ ہے۔ ان واقعات پر اقوام متحدہ اور دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے ماضی میں تشویش کا اظہار کیا جا چکا ہے، لیکن مؤثر عملی اقدام کا فقدان اب بھی باقی ہے۔
آخر میں انھوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اصولوں اور قوانین کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ عالمی ادارے غیرجانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنائیں اور متاثرہ خاندانوں کو سچ، انصاف اور بازیابی کا حق فراہم کیا جائے۔