بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ترجمان نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی فورسز بلوچ قوم کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر منظم جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں سے لے کر معاشی استحصال تک بلوچ عوام کو عزت اور حقوق مانگنے پر اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس وقت گوادر میں پک اپ یونین نے کوسٹل ہائی وے پر احتجاجی دھرنا دے کر تمام ٹریفک بلاک کر دی۔ یہ احتجاج کوسٹ گارڈز کی کارروائیوں کے خلاف کیا گیا جنہوں نے بغیر قانونی جواز کے گاڑیاں اور ڈیزل ضبط کر لیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ قانونی معاشی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے باوجود انہیں ہراساں کیا جاتا ہے، ان کی گاڑیاں چھین لی جاتی ہیں اور ان کی روزی روٹی لوٹ لی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یونین کے ارکان نے کہا کہ کوسٹ گارڈز نے رات کے وقت گاڑیوں کو بغیر اطلاع کے قبضے میں لے لیا، حالانکہ ڈیزل حکومت بلوچستان کے جاری کردہ جائز اجازت ناموں کے ساتھ لے جایا جا رہا تھا۔ کرنل زین العابدین سے ملاقات کے بعد صرف خالی گاڑیاں واپس کی گئیں جبکہ ڈیزل ضبط کر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ڈرائیوروں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ بھاری مالی دباؤ کے تحت کام کرتے ہیں، اکثر کریڈٹ پر ڈیزل خریدتے ہیں اور محنت مزدوری کرنے کے بعد کم سے کم آمدنی پر زندہ رہتے ہیں۔ ان کا ڈیزل ضبط کرنے کا مطلب ہے کہ ان کی بقا کا واحد ذریعہ مٹ جانا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کی آڑ میں کی جانے والی یہ کارروائیاں گوادر میں ترقی کے دعوئوں کے خلاف اور عسکری معاشی ناکہ بندی کی حقیقت کو بے نقاب کرتی ہیں۔ ریاست بلوچ قوم کو دبانے اور سزا دینے کے لیے اپنی تمام قوتیں فوجی، نیم فوجی اور اقتصادی استعمال کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) گوادر میں پک اپ یونین کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے۔ بلوچوں کے خلاف ریاست کی مجرمانہ کارروائیاں صرف جسمانی نہیں ہیں بلکہ یہ ان کی معیشت اور ان کی بقا تک پھیلی ہوئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بلوچ عوام کے اٹھنے کا وقت آگیا ہے۔ ہم ریاستی تشدد کے سامنے خاموش رہنے سے انکار کرتے ہیں، چاہے وہ ہمارے نوجوانوں کا اغوا ہو یا ہمارے ذریعہ معاش کی تباہی ہو۔