احتجاج کو 5750 دن مکمل ، بلوچستان کے ساتھ پاکستان کا سلوک قابض کی مانند ہے ، ماما قدیر

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے بلوچستان کو مقبوضہ بنا رکھا ہے اور یہاں وہی طریقے اپنائے جا رہے ہیں جو قابض قوتیں اپنے زیر تسلط علاقوں میں استعمال کرتی ہیں۔ جبری گمشدگی، مسخ شدہ لاشیں پھینکنا، سیاسی کارکنوں اور طالب علموں کی ٹارگٹ کلنگ، اور آبادیوں پر یلغار پاکستانی فوج کے بلوچستان میں معمولات بن چکے ہیں۔

یہ بات انھوں نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے احتجاجی کیمپ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ یہ کیمپ جبری لاپتہ افراد کی بازیابی اور ماورائے عدالت قتل کیے گئے افراد کے لواحقین کو انصاف دلانے کے لیے قائم ہے۔

بدھ کے روز بی ایس او پجار کے وائس چیئرمین ڈاکٹر طارق بلوچ، ایم جے بلوچ، اور نیشنل پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری چنگیز جی بلوچ نے کیمپ میں آکر لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ وی بی ایم پی کے احتجاج کو 5750 دن مکمل ہو چکے ہیں۔

ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ سن 2000 سے لے کر آج تک ہزاروں بلوچ جبری طور پر لاپتہ کیے گئے، جن میں سے بیس ہزار افراد کو حراستی قتل کا نشانہ بنایا گیا۔ احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، سیمیناروں، عدالتوں میں پیشیوں، اور طویل بھوک ہڑتالوں کے ذریعے عالمی اداروں کی توجہ بلوچستان کی سنگین صورتحال کی طرف مبذول کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جدوجہد کرنے والوں نے ہر قسم کی مشکلات، مصائب، اور پاکستانی اداروں کی دھمکیوں کا سامنا کیا ہے، مگر وہ اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ ہم نے اپنی پرامن جدوجہد کو ہر حال میں جاری رکھا ہے، لیکن افسوس کہ دنیا ایک محکوم قوم کی جدوجہد کو نظر انداز کر رہی ہے۔

Share This Article