بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں بلوچ جبری گمشدگیوں کے خلاف جاری احتجاجی کیمپ کو 5571 دن ہو گئے۔
بی ایس او پجار کے سینئر وائس چیئرمین بابل ملک جو ائنٹ سیکرٹری نعمت شاہ اور منظور احمد رحمانی ایڈوکیٹ نے کیمپ آکر لواحقین سے اظہار یکجہتی کی ۔
وی بی ایم پی کے وائس چیئر مین ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ وی بی ایم پی نے جبری گمشدگی کے اس مسئلے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے بین الاقوامی توجہ اس جانب مبذول کروانے کےلیے احتجاج کے تمام ذرائع اپناتے ہوئے بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے ۔ لیکن پاکستانی فوج اور ایجنسیوں نے کسی چیز کو خاطر میں لائے بغیر بلوچستان میں ننگی جارحیت جاری رکھی ہوئی ہے جبکہ پاکستان کی حکومت بھی مسئلے پر بار بار اپنے بیانات تبدیل کرتی چلی آرہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایجنسیوں کی تحویل میں ہزاروں بلوچ ہیں لیکن موجودہ حکومت صرف چند افراد کی جبری گمشدگی ظاہر کرتی ہے اور ان افراد کے بارے میں بھی یہ کہتی ہے کہ وہ پاکستانی فورسز کے پاس نہیں ہیں۔ حالانکہ حقیقت میں 75000 سے زائدہے جبری لاپتہ افراد پاکستانی ایجنسیوں کے عقوبت خانوں میں بند ہر روز موت کا سامنا کر رہے ہیں۔ لیکن پاکستانی حکومت انتہائی مجرمانہ انداز میں معاملے پر انکاری ہے۔
ماما قدیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے پاکستانی حکومت نے متعدد اجلاس منعقد کیے اور کئی کمیٹیاں بھی تشکیل دیں لیکن کوئی بھی کمیٹی آج تک رپورٹ پیش نہیں کر سکی ہے کیونکہ بلوچستان ایک چھائونی کی شکل اختیار کر چکا ہے جہاں تمام فیصلے فوج اور ایجنسیوں کے ہو تے ہیں۔ اگر یہاں فوج اور اُس کی حواریوں کی ننگی جارحیت کے خلاف کوئی آواز اُٹھائے تو اسے نشان عبرت بنا دیا جاتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری جانب انسانی حقوق کے عالمی اداروں کا کردار ماسوائے سالانہ رپورٹوں کے کچھ نہیں ہے۔ بلوچستان میں کوئی بھی مانیٹرنگ میکنزم نہیں ہے اور آج تک موجودہ حالات کو کسی نے مانیٹر نہیں کیا اس کے علاوہ انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کو کوئی بھی قانونی مدد حاصل نہیں۔ ایک انتہائی اہم بات یہ ہے کہ حکومت نے جو اعداد شمار شائع کئے تھے انہیں ایم پی نے رد کر دیا تھا۔ اس صورت میں آئے روز بلوچستان میں طلبا سیاسی کارکن اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پاکستانی ایجنسیوں کے ہاتھوں جبری اغوا اورشہیدہوتے آرہے ہیں۔