بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں بلوچ جبری لاپتہ افراد اور شہداء کے بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہے جسے 4633 دن مکمل ہو گئے۔
بائیس نومبر 2013 کو سریاب کوئٹہ سے جبری لاپتہ سیف اللہ رودینی ولد داد خدا کی ہمشیرہ فرزانہ رودینی اور لواحقین وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ کے ساتھ کیمپ میں بیٹھے رہے، اور ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے آٹھ سالوں سے طویل جبری لاپتہ اپنے بھائی کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
آج کیمپ میں اظہار یکجہتی کرنے والوں میں ژوب سے سیاسی اور سماجی کارکنان کریم خان کاکڑ، عبدالمنان ترین اور دیگر شامل تھے، اس موقع پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ پشتون، سندھی اور تمام جبری لاپتہ لوگوں کے لواحقین مشترکہ طور پر اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے اس پر امن جدوجہد کا حصہ بنیں، اس کارواں میں شامل ہو کر اس میں شدت لائیں، ہم ایک دن سامراج اور اسکے گمشاتوں کا احتساب لے کر رہیں گے، ریاستی مشینری ہمارے پر امن جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کیلئے ہمیشہ متحرک ہیں، لوگوں کے ہر امن جدوجہد کو اہمیت نا دینے سے لوگوں میں اس ریاست کے خلاف مزید غم و غصہ پیدا ہو جاتا ہے۔