ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو ’ایڈلسٹام پرائز 2026‘ دینے کا اعلان، نارویجن میڈیا میں تفصیلی رپورٹ شائع

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

سنگر نیوز ڈیسک:

ناروے کے معروف نشریاتی ادارے ’اٹروپ‘ (Utrop) نے بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو قید کے دوران انسانی حقوق کا باوقار عالمی اعزاز ’ایڈلسٹام پرائز 2026‘ (Edelstam Prize) دیے جانے اور ان کے خلاف مقدمات پر تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سویڈن کے ادارے ’ایڈلسٹام فاؤنڈیشن‘ نے 24 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ سال 2026 کا ایڈلسٹام پرائز پیشہ کے اعتبار سے ڈاکٹر اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ماہ رنگ بلوچ کو دیا جا رہا ہے۔ فاؤنڈیشن نے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے شکار افراد کے اہلِ خانہ کے لیے ان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پُرامن احتجاج، مہمات اور لانگ مارچز کے ذریعے ہزاروں افراد کو متحرک کیا۔ جیوری کی سربراہ کیرولین ایڈلسٹام (Caroline Edelstam) کے مطابق جبری گمشدگیوں کے متاثرین کے لیے ان کی آواز بلند کرنا انسانی حقوق کی جدوجہد کی ایک بے مثال کڑی ہے۔

نارویجن اخبار کے مطابق ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اس وقت جیل میں قید ہونے کے باعث خود اسٹاک ہوم جا کر یہ ایوارڈ وصول نہیں کر سکتیں۔ واضح رہے کہ کوئٹہ کی ایک انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 22 جون کو جولائی 2024 میں گوادر احتجاج کے دوران ایک نیم فوجی اہلکار کی ہلاکت کے مقدمے میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما صبغت اللہ شاہ جی کو دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

تاہم خبر رساں ادارے ’اے پی‘ (AP) کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ان الزامات کو یکسر مسترد کیا ہے۔ دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے اس مقدمے کی کارروائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نشاندہی کی تھی کہ یہ ٹرائل جیل کے اندر چلایا گیا اور ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو اپنی مرضی کا وکیل منتخب کرنے کا حق بھی نہیں دیا گیا۔ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ انصاف کے تقاضوں اور قانونی تحفظ (Due Process) کی سنگین خلاف ورزی ہو سکتا ہے۔ پاکستانی اخبار ’ڈان‘ کے مطابق 16 جولائی کو بلوچستان ہائی کورٹ نے اس سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے حکام سے جواب طلب کیا تھا، اور اس وقت یہ اپیل زیرِ سماعت ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایڈلسٹام پرائز دینے کی باضابطہ تقریب 3 دسمبر کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے تاریخی مقام ’ردارہوسٹ‘ (Riddarhuset) میں منعقد ہوگی۔ چونکہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ قید میں ہونے کے باعث تقریب میں شریک نہیں ہو سکیں گی، اس لیے فاؤنڈیشن کے مطابق زیرِ حراست انسانی حقوق کی کارکن بیبو بلوچ کے بھائی میر بالاخ شیر ان کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ ایوارڈ وصول کریں گے۔

واضح رہے کہ ہیرالڈ ایڈلسٹام فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ عالمی اعزاز ہر سال ان شخصیات کو دیا جاتا ہے جو انسانی حقوق کے تحفظ اور انصاف کے لیے غیر معمولی جرات اور استقامت کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

(حوالہ: نارویجن آن لائن اخبار Utrop)

Share This Article