بلوچستان کے علاقے پنجگور اور مند میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2 افراد قتل کردیئے۔
پنجگور سے اطلاعات ہیں کہ گذشتہ روز تسپ کے علاقے ڈمب کی زرعی زمینوں سے نوجوان خباب ولد محمد اختر کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتول شام چار بجے کے قریب اپنے زرعی باغات میں درختوں کو پانی دینے کے لیے گیا ہوا تھا، وہاں ان کو ایک گولی سر پر ماری گئی ہے۔
فیملی کے مطابق مقتول پیشے سے ایک دکاندار تھا ۔
اس حوالے سے تسپ پولیس تھانہ مزید تفتیش کر رہی ہے۔
دوسری جانب ضلع تمپ کی تحصیل مند کے گاؤں ہوزئی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نعمان ولد پیر محمد نامی ایک مقامی نوجوان کو قتل کردیا۔
واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مقتول بلوچی زبان کے شاعر وادیب عارف وفا کا بھائی تھا۔
قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔