کامران خان کی جبری گمشدگی : اہلخانہ کی پریس کانفرنس، FIR کے اندراج اور فوری بازیابی کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

عامر خان اور دیگر اہل خانہ نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی کامران خان ولد عزیز اللہ، قوم پرکانی، کو یکم اپریل 2026 کو کوئٹہ کے علاقے کلی کشمیر آباد سے ملکی اداروں کے اہلکاروں نے تفتیش کے بہانے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود اہل خانہ کو کامران خان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کامران خان کا کیس وی بی ایم پی کے توسط سے کمیشن آف انکوائری آن انفورسڈ ڈس اپیئرنسز میں جمع کرایا گیا، جس پر کمیشن نے متعلقہ اداروں کو نوٹسز بھی جاری کیے، تاہم تاحال ان کی بازیابی کے لیے کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی اور نہ ہی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔

انہوں نے حکومت بلوچستان، اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ کامران خان کی فوری اور بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے، اہل خانہ کو ان کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں اور گمشدگی کی ایف آئی آر درج کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کامران خان پر کوئی الزام ہے تو انہیں آئین و قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ وہ اپنے دفاع کا قانونی حق استعمال کر سکیں۔

آخر میں انہوں نے صحافیوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ کامران خان کی بازیابی کے لیے آواز بلند کریں اور اہل خانہ کا ساتھ دیں۔

Share This Article