چاغی و لسبیلہ سے اغوا ہونے والے 6 سابق پاکستانی فوجی اہلکاروں سمیت 7 افراد کی لاشیں برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین کے مقام خرگوشکان میں 18 نومبر کو ایک مائننگ کمپنی کی سائٹ پر حملے کے دوران اغوا کیے گئے 6 سابق پاکستانی فوجی اہلکاروں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

اس حملے اور اغوا کی ذمہ داری قبول کرنے والی آزادی پسند بلوچ مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے اس سے قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے مائننگ سائٹ کا کنٹرول سنبھالنے اور مشینری کو تباہ کرنے کے بعد4 سابق سکیورٹی اہلکاروں اور ایک جیولوجسٹ سمیت کمپنی کے 3 ملازمین کو حراست میں لیا تھا۔

تاہم کمپنی کے اغوا کیے گئے تینوں ملازمین کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

دوسری جانب ایک الگ واقعے میں جمعرات کے روز ضلع لسبیلہ کی تحصیل بیلہ کے علاقے والا پٹ سے محمد احسان ولد ارشد کی لاش برآمد ہوئی ہے، جن کا تعلق پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بتایا جاتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق انہیں مسلح افراد نے ایک روڈ بلاک کے دوران اغوا کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستانی حکام نے چاغی میں مائننگ سائٹ پر حملے کی تصدیق تو کی تھی، تاہم اغوا ہونے والے افراد کی شناخت یا ان کی سابقہ عسکری وابستگی ظاہر نہیں کی تھی۔

حکام کی جانب سے تاحال ان کی لاشوں کی برآمدگی پر کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

Share This Article