وی بی ایم پی کےجاری احتجاجی کیمپ میں بی این پی لائرز فورم کی شرکت واظہار یکجہتی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کوئٹہ: بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6429ویں روز بھی جاری رہا۔

اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) لائرز فورم کے صدر ایڈوکیٹ حماد مینگل، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ ملک زہیر احمد شاہوانی، ایڈوکیٹ میر فہیم قمبرانی سمیت دیگر وکلا پر مشتمل وفد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے جبری گمشدگیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

وفد کے ارکان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جبری گمشدگیاں ماورائے آئین و قانون اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ کسی بھی شہری کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر حراست میں رکھنا آئین اور قانون کی روح کے منافی ہے۔ اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے قانون کے مطابق گرفتار کرکے 24 گھنٹوں کے اندر متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے اور اسے اپنے دفاع کا مکمل حق فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگیوں کے مسئلے کا حل آئین و قانون کی بالادستی، شفاف تحقیقات اور عدالتی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ریاستی اداروں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ لاپتہ افراد کے بارے میں ان کے اہل خانہ کو فوری معلومات فراہم کریں اور تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔

وفد نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی طویل جدوجہد میں بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بی این پی لائرز فورم لاپتہ افراد کے لواحقین کو قانونی معاونت فراہم کرنے اور ان کے مقدمات کو قانونی فورمز پر اٹھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جبری گمشدگیوں جیسے سنگین مسئلے کے حل کے لیے قانون کی حکمرانی، آئینی ضمانتوں اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

Share This Article