بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) نے اعلان کیا ہے کہ تنظیم کی مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے متاثرین کے لیے ان کی جرات مندانہ اور پُرامن جدوجہد کے اعتراف میں سال 2026 کے عالمی اعزاز ’ایڈلسٹام پرائز‘ (Edelstam Prize 2026) سے نوازا گیا ہے۔
بی وائی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو یہ اعزاز ایک ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب بلوچ قوم نسل کشی کا سامنا کر رہی ہے، اور انہوں نے سچ اور انصاف کے حصول کے لیے پُرامن تحریک کی قیادت کی۔
بیان میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جدوجہد کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 2009 میں جب ان کے والد کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تو وہ کم سن تھیں، جبکہ 2011 میں ان کے والد کو قتل کر دیا گیا۔ بعد ازاں 2017 میں ان کے بھائی کو بھی جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا۔
بی وائی سی کے مطابق انہوں نے اسی ذاتی کرب اور المیے سے ایک منظم عوامی تحریک کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے 2023 میں اسلام آباد کی جانب تاریخی بلوچ لانگ مارچ اور 2024 میں گوادر میں ’بلوچ راجی مچی‘ (بلوچ قومی اجتماع) کی قیادت میں کلیدی کردار ادا کیا، اور پُرامن دھرنوں، مارچز اور مہمات کے ذریعے لاپتہ افراد کے ہزاروں خاندانوں کی آواز بنیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق اس عالمی ایوارڈ کا فیصلہ کیرولین ایڈلسٹام (Caroline Edelstam) کی سربراہی میں قائم ایک بین الاقوامی جیوری نے کیا، جس میں نوبیل امن انعام یافتہ شخصیت، بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے سابق چیف پراسیکیوٹر اور اقوامِ متحدہ کے سابق خصوصی نمائندہ (UN Special Rapporteur) شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ دنیا نے آج اس حقیقت کو تسلیم کر لیا ہے جسے بلوچ عوام ہمیشہ سے جانتے تھے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ مجرم نہیں بلکہ انسانی حقوق کی محافظ ہیں۔
تنظیم نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ خود اپنا ایوارڈ وصول کرنے سے قاصر ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستانی ریاست نے انہیں مارچ 2025 سے قید کر رکھا ہے اور ہدہ جیل کے اندر چلائے گئے ایک یکطرفہ اور غیر شفاف ٹرائل کے بعد من گھڑت الزامات کے تحت دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
بی وائی سی نے مزید کہا کہ تنظیم کے دیگر رہنما صبغت اللہ شاہ جی، بیبو بلوچ، گلزادی بلوچ اور بیبرگ زہری بھی تاحال جیلوں میں قید ہیں۔
بی وائی سی کے مطابق یہ ایوارڈ 3 دسمبر 2026 کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے ’ہاؤس آف نوبیلٹی‘ (House of Nobility) میں منعقدہ تقریب میں پیش کیا جائے گا، جہاں قید رہنما بیبو بلوچ کے بھائی میر بلخ شیر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جانب سے یہ ایوارڈ وصول کریں گے، جبکہ 4 دسمبر کو ان کے مقدمے اور صورتِ حال پر ایک خصوصی سیمینار بھی منعقد ہوگا۔
بیان کے آخر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اس اعزاز کو ہر اس بلوچ ماں کے نام منسوب کیا جو آج بھی اپنے لاپتہ بچے کی واپسی کی منتظر ہے۔ تنظیم نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بی وائی سی کے تمام اسیر رہنماؤں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ہمارے رہنماؤں کو قید کر سکتی ہے لیکن سچ کو قید نہیں کیا جا سکتا۔