بلوچستان حکومت کا رحمان گل اور بشیر زیب کی معلومات فراہم کرنے پر 25 کروڑ روپے انعام دینے کا مضحکہ خیز اعلان

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کی حکومت نے بلوچ آزادی پسندوں کے متعلق مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے کروڑوں روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق آزادی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی اایل اے) کے نو منتخب سربراہ رحمان گل اور بی ایل اے کے سابق سربراہ بشیر زیب کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے پر 25، 25 کروڑ روپے کا انعام مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ دیگر انتہائی مطلوب افراد کے سروں پر پانچ لاکھ روپے سے لے کر کروڑوں روپے تک کے انعام مقرر کیے گئے ہیں۔

بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اطلاع فراہم کرنے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی جبکہ انعامات کی ادائیگی حکومت بلوچستان کے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔

بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے رہنماؤں رحمان گل اور بشیر زیب کی گرفتاری یا معلومات فراہم کرنے پر حکومتِ بلوچستان کی جانب سے 25 کروڑ روپے انعام کے اعلان پر عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید اور طنز کا سلسلہ جاری ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان سمیت پاکستان بھر میں ماضی میں بھی سول و عسکری حکام کی جانب سے خفیہ معلومات کی فراہمی، اندوہناک واقعات یا حادثات کے متاثرین کے لیے مالی امداد اور انعامات کے اعلانات کیے جاتے رہے ہیں، تاہم ناقدین کے مطابق اکثر اوقات یہ اعلانات محض بیانات تک محدود رہتے ہیں اور متعلقہ افراد کو اعلان کردہ رقوم نہیں مل پاتیں، جنہیں صرف میڈیا میں ہمدردی حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

حکومتِ بلوچستان کے اس حالیہ اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اسے مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ معلومات فراہم کرنے کی صورت میں انعامی رقم ملنے کی کیا ضمانت (گارنٹی) ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ تیس سے چالیس سال قبل پیش آنے والے مختلف واقعات اور حادثات کے متاثرین کو بھی آج تک اعلان کردہ رقوم ادا نہیں کی گئیں اور کئی متاثرین اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، ایسے میں اس اعلان پر کیسے اعتبار کیا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری تبصروں اور تجزیوں میں یہ رائے بھی سامنے آ رہی ہے کہ عسکری حکام براہِ راست سامنے آنے کے بجائے بلوچستان حکومت کو سامنے لا رہے ہیں۔ ناقدین اور سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ زمینی سطح پر انٹیلی جنس کی کمی اور مسلح گروہوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے باعث سکیورٹی اداروں کو شدید دباؤ اور ناکامی کا سامنا ہے، جبکہ مقامی سطح پر تشکیل دیے گئے ریاستی مسلح گروہ بھی مؤثر ثابت نہیں ہو سکے۔

Share This Article