پاکستانی فوج پر تنقید: مولانا فضل الرحمان کے گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستانی فوج پر تنقید کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کا دعویٰ ہے کہ پولیس کی بھاری نفری اِس وقت مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں واقع رہائش گاہ کے باہر موجود ہے اور کسی شخص کو اِس گھر سے باہر نکلنے یا داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

لاہور پولیس نے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بی بی سی اردو کے عمیر محمود کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کو منگل (24 نومبر) کی صبح 11 بجے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام آل پارٹیز کنونشن سے خطاب کرنا تھا، اور اسی سلسلے میں مولانا فضل الرحمان لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ (پارک ویو سٹی) میں واقع اپنے گھر میں موجود تھے جہاں سے انھیں اس تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہونا تھا۔

کامران مرتضیٰ کے مطابق پنجاب حکومت نے فضل الرحمان کو کانفرنس میں شرکت سے روکنے کے لیے ’جان بوجھ کر نظربند کر لیا ہے۔‘

ان کے مطابق جے یو آئی ف نے اس غیرقانونی اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں حبس بیجا کی پٹیشن بھی دائر کی اور اس پر فی الفور سماعت کی درخواست کی مگر اسے درخواست کو بھی ’بغیر کسی معقول وجہ کے کل تک کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔‘

لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردہ حبس بیجا کی پٹیشن میں جے یو آئی ف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پارٹی کے متعلقہ افراد جب مولانا فضل الرحمان کی لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں کی جانے والی تقریر کے قانونی پہلوؤں پر مشاورت کے لیے اُن کے گھر منگل کی صبح نو بجے پہنچے تو وہاں گھر کے اطراف میں سینکڑوں پولیس اہلکار اور جیل کی گاڑیاں موجود تھیں۔

پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب لیگل ٹیم نے وہاں موجود پولیس افسران سے مولانا فضل الرحمٰن کی حراست کے لیے کسی مجاز اتھارٹی کا کوئی قانونی دستاویز یا حکم نامہ دکھانے کا مطالبہ کیا اور اندر جانے کی اجازت مانگی تو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی کوئی قانونی دستاویز دکھائی گئی۔

درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ کو حبس بیجا میں رکھا گیا ہے جس کے خلاف فوری طور پر قانونی اقدام کیا جائے۔

Share This Article