پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر نے دورۂ ملائیشیا کے دوران دارالحکومت پتراجایا میں وزیرِاعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون اور خطے سمیت عالمی سطح پر سکیورٹی کی بدلتی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم نے عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا۔
انور ابراہیم نے دفاع اور سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ملائیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے کردار کو سراہا اور دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق دونوں جانب سے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ دوروں، فوجی تعاون میں اضافے اور علاقائی و عالمی سلامتی کے امور پر مسلسل بات چیت کے ذریعے دفاعی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔