پاکستانی فوج کے ہاتھوں مزید 7 بلوچ جبری لاپتہ، 15 سالہ طالب علم دوران حراست قتل

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے مختلف اضلاع اور کراچی سے مزید 7 افراد کو پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے، جبکہ تمپ میں دو ماہ قبل لاپتہ کیے گئے 15 سالہ طالب علم زبیر کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے ماوارائے عدالت قتل کردیا گیا ہے ۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق تمپ کے علاقے گومازی سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ طالب علم زبیر ولد داد کریم کو 3 ستمبر 2026 کو مند سے تمپ جاتے ہوئے آزیان کے قریب ایف سی اہلکاروں نے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔ دو ماہ اور نو روز تک لاپتہ رہنے کے بعد 12 نومبر 2026 کو نہنگ کور کلاہو، تمپ سے ان کی لاش ملی۔

تنظیم نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

جبری طور پر لاپتہ کیے گئے دیگر 7 افراد کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

1۔محمد ابراہیم ولد گل محمد (عمر 18 سال): کلی شریف خان نوشکی کے رہائشی رکشہ ڈرائیور کو 11 نومبر 2026 کو صبح 11:30 بجے صاحبزادہ روڈ نوشکی سے ایف سی اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کیا۔

2۔اسفند ولد علی محمد شاہوانی (عمر 17 سال) اور محی الدین ولد علی محمد شاہوانی (عمر 16 سال): دونوں بھائی ٹاور اسٹریٹ، گاہی خان چوک کوئٹہ کے رہائشی اور ڈیری فارم ورکر ہیں، جنہیں 24 اکتوبر 2026 کو رات 1:30 بجے گھر سے سی ٹی ڈی (CTD) نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔

3۔دانیال بلوچ ولد امان اللہ (عمر 23 سال): کلی ترخہ کوئٹہ کے رہائشی سکیورٹی گارڈ کو 15 نومبر 2026 کو رات 2:00 بجے کلی ترخہ سے آئی ایس آئی اور سی ٹی ڈی نے لاپتہ کیا۔

4۔نور احمد ولد ایوب (عمر 25 سال): غریب آباد پروم پنجگور کے رہائشی مزدور کو 12 نومبر 2026 کو رات 9:00 بجے کدان پروم سے مبینہ طور پر ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق نور احمد کو دوسری مرتبہ جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

5۔طارق ولد آدم (عمر 21 سال): سیاکی بازار پروم پنجگور کے رہائشی مزدور کو 9 نومبر 2026 کو صبح 9:00 بجے جیرک کراسنگ پوائنٹ پروم سے ایف سی نے لاپتہ کیا۔

6۔فاروق گدور: ماڑی پور کراچی کے رہائشی دکاندار کو 11 نومبر 2026 کو صبح 7:00 بجے مین ماڑی پور اسٹاپ کراچی میں ان کی دکان سے خفیہ اداروں (ISI/MI) نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔

متاثرہ خاندانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے لاپتہ افراد کی فوری بازیابی اور ماورائے عدالت اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share This Article