پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد کی عدالت نے صحافی شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا، جس کے بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے اہلکار انھیں لے کر بلوچستان لے کر روانہ ہو گئے ہیں۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا ہے کہ شاہد میتلا کو گذشتہ رات اسلام آباد کے ’ایک ریسٹورنٹ سے اٹھایا گیا تھا۔‘
ان کے بقول ’بعد ازاں معلوم ہوا کہ این سی سی آئی اے کوئٹہ کی ٹیم نے انھیں تحویل میں لیا ہے۔‘
آج بدھ کے روز صحافی شاہد میتلا کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
این سی سی آئی اے بلوچستان نے عدالت سے سات روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔
سماعت کے دوران شاہد میتلا کی جانب سے وکیل حبیب حنظلہ پیش ہوئے۔ انھوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی ملزم کو ریمانڈ پر دوسرے صوبے منتقل کرنے کے لیے پولیس رولز کے تحت ہوم آفس کے ساتھ رابطہ اور منظوری ضروری ہوتی ہے۔
وکیل کے مطابق شاہد میتلا کا کہنا ہے کہ انھوں نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف متعدد ٹویٹس کی ہیں اور انھیں بلوچستان میں خطرہ لاحق ہے۔
وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں اب تک مقدمے کی ایف آئی آر (فرسٹ انفارمیشن رپورٹ) فراہم نہیں کی گئی، جبکہ اسی مقدمے میں اسلام آباد ہائی کورٹ ان کی حفاظتی ضمانت منظور کر چکی ہے۔
دریں اثنا سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ شاہد میتلا کی گرفتاری ان کی شکایت پر کی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا: ’میں اپنی ساکھ پر کسی بھی حملے کا دفاع پوری شدت سے کروں گا۔ آزادیٔ صحافت آپ کو جھوٹ پھیلانے کا حق نہیں دیتی۔‘