وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام جبری گمشدگیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6408ویں روز بھی جاری رہا۔
اس دوران کامریڈ منظور بلوچ، انقلاب کمیونسٹ پارٹی کے رہنما کریم پرہاد اور دیگر نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا، جبری گمشدگیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کے ماورائے عدالت قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان غیر آئینی اقدامات کے خاتمے اور تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جبری گمشدگیاں اور لاپتہ افراد کے ماورائے عدالت قتل آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ ان اقدامات کے باعث متاثرہ خاندان طویل عرصے سے شدید ذہنی اذیت اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرے، تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرائے اور جن افراد پر کسی قسم کے الزامات ہیں انہیں قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ انہیں صفائی کا موقع مل سکے۔
نصراللہ بلوچ نے مزید کہا کہ جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت اقدامات کا خاتمہ آئین و قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ اس مسئلے کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے آئینی، قانونی اور جمہوری طریقہ کار کے ذریعے ممکن ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تمام لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنائے اور جبری گمشدگیوں کے واقعات کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرے۔