بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بل نگور دشت میں پاکستانی فورسزایف سی کی گشتی پارٹی کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص ہلاک جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق بل نگور دشت میں ایف سی کی گشتی پارٹی نے دورانِ گشت موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی، تاہم موٹر سائیکل نہ روکنے پر اہلکاروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شاہجہان ولد بابل موقع پر ہی ہلاک جب کہ ان کا بھائی امام بخش ولد بابل زخمی ہوگئے۔
لاش اور زخمی کو ضروری طبی امداد اور قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب گذشتہ روزتربت کے میری کراس کے مقام پر ملنے والے نوجوان کی لاش کی شناخت ہوگئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت سالم عرف آصف ولد برکت سکنہ بلیدہ کے نام سے ہوئی ہے اور لاش کو تدفین کیلئے ان کے والد حوالے کیا گیا۔
کہا جارہا ہے انہیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
تاہم قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔