بلوچستان کے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مستونگ کے علاقے ریکی بوز کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے معدنیات لے جانے والی گاڑی کا ڈرائیور ہلاک جبکہ کلینر زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ریکی بوز کے مقام پر پیش آیا، جس میں معدنیات لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کے بعد اب تک کسی مسلح تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سرگرم آزادی پسند مسلح تنظیمیں ماضی میں وفاقی حکومت، حکومتِ بلوچستان اور پاکستانی فوج سمیت معدنیات کے شعبے میں سرگرم مقامی، پاکستانی اور غیر ملکی کمپنیوں و سرمایہ کاروں کو انتباہ جاری کرتی رہی ہیں کہ بلوچستان کے معدنی وسائل کو بلوچ عوام کی منشا اور مرضی کے بغیر نہیں نکالا جا سکتا۔
رپورٹس اور مبصرین کے مطابق مسلح تنظیمیں ان کمپنیوں، ان کی گاڑیوں اور عملے پر وقفے وقفے سے حملے، گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے، عملے کے افراد کو اغوا کر کے انتباہ کے بعد چھوڑنے اور ان کی سکیورٹی پر مامور پاکستانی فوج و دیگر سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتی رہی ہیں، جو خطے میں ایک تسلسل کے ساتھ جاری صورتِ حال بن چکی ہے۔