تربت میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک نوجوان ہلاک ،4 زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات میں ایک نوجوان ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

تربت کے علاقے شاہی تمپ زونگ گراؤنڈ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں نوجوان ہلاک ہوگیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب تقریباً 12 بجے پیش آیا جہاں مبینہ طور پر سرفراز نامی شخص نے اپنے دوست ظہیر ولد سعید اللہ کو گاڑی کے اندر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہ ہوسکیں جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

لاش کو ضروری قانونی کارروائی کیلئے ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کیا گیا، جہاں بعد ازاں میت ورثا کے حوالے کردی گئی۔

تربت شہر میں فائرنگ کے دیگر دو مختلف واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پہلا واقعہ جوسک کے قریب پیش آیا جہاں ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شاہ نواز ولد حیدر سکنہ جوسک، شاہ نواز ولد سرفراز سکنہ سنگانی سر اور محمد یاسین ولد نبی بخش سکنہ میری کو زخمی کردیا۔

واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

دوسرا واقعہ مبارک قاضی چوک میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے داد رحمن ولد محمد علی سکنہ ٹی ٹی سی کالونی زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article