خاران میں فائرنگ سے سبزی فروش ہلاک،کوئٹہ میں دکاندار فورسز ہاتھوں جبری لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے خاران میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے سبزی فروش گولی لگنے سے ہلاک ہوگیاجبکہ کوئٹہ میں پاکستانی فورسز نے ایک دکاندار کوحراست میں لیکر جبری لاپتہ کردیا۔

خاران سے اطلاعات ہیں کہ خاران میں پرانا گزی روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے سبزی فروش محمد اقبال ساسولی کو لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مزید کارروائی شروع کر دی۔

دوسری جانب بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے ایک اور نوجوان کو پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق 20 سالہ سعید بلوچ ولد لال محمد کو 6 مئی 2026 کی صبح تقریباً 5 بجے ان کے گھر واقع فیض آباد، کلی حبیب، سریاب روڈ، کوئٹہ سے حراست میں لیا گیا۔

اہل خانہ کے مطابق مسلح اہلکاروں، جنہیں فرنٹیئر کور (FC) بتایا جا رہا ہے، نے گھر پر چھاپہ مار کر سعید بلوچ کو اپنے ساتھ لے گئے۔

سعید بلوچ پیشے کے لحاظ سے ایک دکاندار ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی انہیں کسی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

Share This Article