بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ریلی پر نامعلوم افراد کےحملے میں ایک شخص ہلاک ، 10 زخمی ہوگئے جبکہ رکن اسمبلی علی مدد جتک محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح کی خوشی میں ہاکی گراؤنڈ میں حکومت کی جانب سے جشن فتح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں شرکت کے لیے علی مدد جتک ریلی کی صورت میں آرہے تھے کہ نامعلوم افراد نے حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے، تاہم رکن اسمبلی محفوظ رہے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) سریاب آصف غفور نے بتایا کہ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رکنِ اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے پر دستی بموں سے حملہ اور فائرنگ کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ منیر مینگل چوک کے قریب پیش آیا، حملے میں علی مدد جتک محفوظ رہے، تاہم ان کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ واقعے میں 5 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر بی ایم سی ہسپتال اور سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دھماکےکے بعد ہاکی گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
دریں اثنا، محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق منیر مینگل روڈ دھماکے کے 11 زخمی سول ہسپتال شعبہ حادثات و ٹراما سینٹر لائے گئے۔
مزید بتایا گیا کہ شعبہ حادثات میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد مزید علاج کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا جبکہ ایک زخمی دوران علاج دم توڑ گیا۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔