منگچر میں فائرنگ و دھماکا، لیویز اہلکار ہلاک ، پل تباہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل منگچر میں فائرنگ اور دھماکے دو مختلف واقعات میں لیویز اہلکار ہلاک جبکہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کی پل دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔

منگچر میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر رحیم آباد(مٹی ڈھور)ایریا میں پل کو نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس سے پل کا ایک حصہ تباہ ہوگیا ہے تاہم ایک جانب سے ٹریفک جاری ہے۔

دوسرے واقعہ میں منگچر کے علاقے کوٹ لانگو میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے لیویز چوکی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک لیویز اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق حملہ اچانک کیا گیا اور حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کے بعد ہلاک اہلکار کی لاش کو فوری طور پر آر ایچ سی (رورل ہیلتھ سینٹر) منگچر منتقل کردیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔

لیویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم کی گئی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، اور جلد ہی انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ شہریوں نے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share This Article