پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میان اعظم ورسک کے مقام پر کارے خیل ویلفئیر آرگنائزیشن کے نائب صدر ڈاکٹر حسین احمد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔
ڈاکٹر حسین احمد کو افطاری سے کچھ دیر قبل نامعلوم افراد نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔
ضلعی پولیس افسر لوئر وزیرستان آصف بہادر نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ڈاکٹر حسین احمد وزیر ایک مقامی سماجی تنظیم کے سربراہ تھے۔ ڈاکٹر حسین نے کارے خیل قوم کے لیے بے شمار خدمات انجام دیں۔ وہ علاقے میں تعلیمی ترقی، صحت کی سہولیات کی بہتری اور سماجی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے۔ ان کے قتل پر کارے خیل قوم سمیت پورے علاقے میں سوگ کی فضا ہے، اور لوگوں نے ان کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔