غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کا سیاسی رہنما ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

حماس کے ایک عہدیدار نے اتوار کے روز بی بی سی کو بتایا کہ غزہ کے جنوبی شہر خان یونس پر ایک اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے سیاسی رہنما صلاح البردويل ہلاک ہوئے ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فضائی حملے میں بردويل اور ان کی بیوی دونوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ بردویل حماس کے سیاسی دفتر کے اہم رکن تھے۔

اسرائیل نے تاحال اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

منگل سے اسرائیلی فوج نے دوبارہ غزہ میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کیں۔ اسرائیل کا الزام ہے کہ حماس نے جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع کی پیشکش سے انکار کیا تھا۔ حماس نے اسرائیلی الزام کی تردید کی ہے اور کہا کہ اسرائیل نے 19 جنوری کو طے پانے والے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ یہ معاہدہ قطر، مصر اور امریکہ کی ثالثی میں طے پایا تھا۔

حماس کے مطابق غزہ کی پٹی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی کارروائیوں میں 32 فلسطینیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل میں ایک حملہ کیا تھا جس میں 1200 افراد ہلاک جبکہ 251 کو یرغمال بنایا گیا تھا۔ حماس کے مطابق اس کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں میں 49 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

دریں اثنا اسرائیل نے لبنان میں متعدد راکٹ حملے کیے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان نومبر میں جنگ بندی ہوئی تھی۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق ان حملوں میں سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

Share This Article