چابہار | مانیٹرنگ ڈیسک:
بلوچستان کے انڈسٹریل ٹاؤنز کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر، علی رضا راشکی نے اعلان کیا ہے کہ معاون وزیر اور ایران کے چھوٹے صنعتوں و انڈسٹریل شہروں کی تنظیم کے سی ای او رضا انصاری کی موجودگی میں زرآباد انڈسٹریل زون کو فعال کیا جائے گا۔
مہر نیوز کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے علی رضا راشکی نے بتایا کہ بلوچستان و سیستان میں ایرانی صدر کے اپنی مدت صدارت میں دوسرے دورے کے دوران زرآباد انڈسٹریل زون کو مکران کے ساحل پر آپریشنل بنایا جائے گا۔
راشکی نے مزید کہا کہ زرآباد انڈسٹریل زون کا قیام سرمایہ کاری کے فروغ، زراعت سے وابستہ صنعتوں اور گرمائی پھلوں کے باغات میں ویلیو چین قائم کرنے کے لیے عمل میں لایا جا رہا ہے۔ یہ زون 49 ہیکٹر پر محیط ہے، جس کا پہلا مرحلہ 14 ہیکٹر پر مشتمل ہے اور 1400 شمسی ہجری سال میں اس کی منظوری دی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس زون میں لیولنگ، ارتھ ریموول، زمین کی تیاری، سڑکوں کی تعمیر،پانی کی ترسیل کے نیٹ ورک، اور بجلی کی سپلائی سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے کام 1401 شمسی ہجری سال میں شروع کیے گئے تھے۔ یہ تمام سرگرمیاں مقامی اور صوبائی بجٹ سے 166 بلین ریال کی لاگت سے انجام دی جا رہی ہیں۔
راشکی کے مطابق، مکران کے ساحلی علاقوں اور بلوچستان و سیستان کے سات صنعتی ٹاؤنز کی ترقی کے لیے ملک کی میکرو پالیسیز کے تحت 441 سرمایہ کاری معاہدے کیے جا چکے ہیں۔ ان میں سے 116 منصوبوں پر کام جاری ہے، جن سے 3,207 افراد کو روزگار فراہم ہوا ہے اور 6,000 سے زائد ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔
بلوچستان و سیستان انڈسٹریل ٹاؤنز کمپنی کے چیئرمین نے کہا کہ زرآباد کے علاقے میں فطری وسائل، جیسا کہ استوائی آب و ہوا، بڑے پھلوں کے باغات، اور سمندر کے قریب ہونے کی وجہ سے یہ زون اقتصادی خوشحالی، پیداوار میں اضافہ، اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
زرآباد انڈسٹریل زون مکران کے ساحل پر زرآباد کنرک روڈ سے صرف چھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ زون اعلیٰ معیار کی زرعی صنعتوں اور گرمائی پھلوں کے باغات کی ویلیو ایڈیشن میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
زرآباد سمندر سے قریب ہونے کے باوجود بلوچستان کا ایک زرعی علاقہ ہے۔ یہ علاقہ خاص طور پر کیلے کی پیداوار کے لیے ایران بھر میں مشہور ہے۔ ایران میں زراباد کے کیلے ’ موز چابھاری ‘ کے نام سے میوہ فروشیوں میں اپنا خاص مقام رکھتے ہیں۔سائز میں چھوٹے ہونے کے باجود کم قیمت اور خوش ذائقہ ہونے کی وجہ سے زراباد کے کیلے خریداروں کی پہلی پسند ہیں۔