بلوچستان میں کرائم کا سارا نزلہ اسٹیبلشمنٹ پر گر رہا ہے،عمران خان

0
25

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کیا بلوچستان میں بھی ہم نے دہشت گردی کروائی؟ کیا یہ بھی ہماری ذمہ داری ہے؟ بلوچ پاکستان کے خلاف ہوگئے ہیں، یہ بہت خطرناک ہے، کچے میں دہشت گردی روکنا کس کی ذمہ داری ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے پاکستان تباہ ہورہا ہے، میں ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہوں، بلوچستان کے موجودہ حالات، کچے میں ڈاکوؤں کے حملے اور اسٹریٹ کرائم کا سارا نزلہ اسٹیبلشمنٹ پر گررہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا۔

عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرنے کے لیے حکومت قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ مل کر سازش کررہی ہے، قاضی فائز عیسیٰ 6 ،7 ماہ سے الیکشن کھلنے نہیں دے رہا، قاضی فائز عیسیٰ کے جاتے ہی 4 حلقے کھلیں گے اور حکومت اپنے آپ گر جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگ 60 سے 70 ہزار ووٹوں سے جیتے ہیں، حیرانی ہے کہ عون چودھری نے ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے، ملک کو بنانا ری پبلک بنا دیا گیا ہے لوگ حکمرانوں پر ٹرسٹ نہیں کرتے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ دہشت گردی پی ٹی آئی کی وجہ سے ہورہی ہے، ہم نے تو ان لوگوں کو بلا کر سیٹل کروایا، اگست میں امریکا افغانستان سے گیا تو ستمبر میں ہم نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خاتمے کے لیے افغان حکومت سے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت ہمارے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار تھی، جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید نے اپوزیشن کو بریفنگ بھی دی تھی تاہم نواز شریف کے مطالبے پر اکتوبر میں جنرل فیض کو ہٹایا گیا اور اس کے بعد افغان حکومت سے مذاکرات کا پلان ختم ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کراس بارڈر دہشت گردی کی بات کررہا ہے، اس کا مطلب دہشت گردی افغانستان سے ہورہی ہے، پاکستان نے یہ معاملہ ہر فورم پر اٹھایا وہاں بمباری بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں انٹیلی جنس ایجنسیز دہشت گردی روکنے میں مصروف تھیں، آج انٹیلی جنس ایجنسیز پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہیں، جس سے نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے گاڑیاں بھر بھر کر افغان مہاجرین کو واپس بھیجا، کیا دہشت گردی ختم ہوگئی، آپ نے پتلے بٹھا دیے، ان کی جڑیں نہیں ہیں یہ پیسے بنارہے ہیں، آپ کو مینڈیٹ واپس کرنا ہوگا کیوں کہ دنیا میں امن شفاف الیکشن کے ذریعے آتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت میں 70 کروڑ لوگوں نے ووٹ ڈالا کسی نے اعتراض نہیں اٹھایا، بھارت میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین تھی میں بھی پاکستان میں ای وی ایم لانا چاہتا تھا لیکن جنرل قمر باجوہ، الیکشن کمیشن اور پیپلز پارٹی نے ای وی ایم نہیں آنے دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کو انہوں نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا، اب 8 ستمبر کو اسلام آباد میں ہر صورت جلسہ ہوگا، پوری قوم کو کہہ رہا ہوں 8 ستمبر کو باہر نکلیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here