بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6430ویں روز بھی جاری رہا۔
جمیل احمد سرپرہ کے لواحقین نے وی بی ایم پی سے رابطہ کرکے بتایا کہ جمیل احمد محکمہ اطلاعات بلوچستان میں بطور انفارمیشن آفیسر تعینات تھے اور جبری گمشدگی کے وقت گورنر بلوچستان کے پبلک ریلیشنز آفیسر (PRO) کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ لواحقین کے مطابق انہیں 25 جولائی 2015 کو سکیورٹی فورسز نے گرین ٹاؤن کوئٹہ سے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا تھا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ جمیل احمد کی بازیابی اور ان کے بارے میں معلومات کے حصول کے لیے متعلقہ حکومتی و قانونی اداروں سے مسلسل رجوع کرنے کے ساتھ اپنا پُرامن احتجاج بھی ریکارڈ کراتے رہے ہیں، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود نہ تو جمیل احمد بازیاب ہوئے ہیں اور نہ ہی خاندان کو ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
آج احتجاجی کیمپ میں جبری لاپتہ کامران خان کے والد اور بھائی نے بھی شرکت کی اور ان کی باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ کامران خان کی فوری اور باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ جمیل احمد سرپرہ اور کامران خان کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کرکے صفائی کا موقع اور اپنے دفاع کا مکمل قانونی حق فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگیوں کا خاتمہ اور لاپتہ افراد کے بارے میں ان کے اہل خانہ کو معلومات فراہم کرنا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، تاکہ خاندانوں کو طویل اذیت اور ذہنی کرب سے نجات مل سکے۔