بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ناگ زامران کے رہائشی کریم بخش نے اپنے مغوی بیٹے محمد عیسیٰ کی بازیابی کے لیے ڈپٹی کمشنر کیچ، کمشنر مکران اور ایس پی کیچ سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔
اپنے بیان میں کریم بخش نے کہا کہ ان کا بیٹا محمد عیسیٰ سکنہ ناگ زامران، حال سرکاری فارم کالونی آپسر کو مسلح افراد گاڑی میں سوار ہوکر اپنے ساتھ لے گئے ہیں، وہ اپنے دوستوں کے ساتھ وہاں بیٹھا ہواتھا۔ مسلح افراد نے میرے بیٹے سے موبائل فون مانگا حالانکہ میرا بیٹا موبائل استعمال ہی نہیں کرتا ہے جس کے بعد ان پر تشدد کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا ذہنی معذوری کا شکار ہے اور نیشنل میڈیکل سینٹر کراچی کے ڈاکٹروں کی تجویز کردہ ادویات استعمال کررہا ہے جس کے باعث انہیں اس کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش ہے۔
کریم بخش نے کہا کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ، کمشنر مکران اور ایس پی کیچ سے اپیل کی کہ واقعے کا نوٹس لے کر ان کے بیٹے کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک بوڑھے والد کی حیثیت سے وہ انتہائی پریشانی میں مبتلا ہیں اور متعلقہ حکام سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کی فریاد پر توجہ دینے کی درخواست کرتے ہیں تاکہ ان کا بیٹا بحفاظت گھر واپس آسکے۔