رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کا فضائی حملہ ،35 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

فلسطین کے غزہ کے علاقے رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں 35 افراد ہلاک ہوگئے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات رفح کے علاقے تل السلطان میں ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم سے کم 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ کے حکام نے ان ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

اسرائیل کی کارروائی مغربی رفح میں تل السلطان کے علاقے میں ہوئی ہے جہاں جنگ کے سبب بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد پناہ گزین تھے۔

یہ افراد دو ہفتے قبل رفح میں اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے باعث بے گھر ہوئے تھے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ ان کے پاس بڑی تعداد میں زخمیوں کو لایا جا رہا ہے اور دیگر اسپتالوں میں بھی بڑی تعداد میں مریض آ رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے دعویٰ کیا تھا کہ اتوار کو رفح میں حماس کے ایک کمپاؤنڈ پر حملے میں حماس کے مغربی کنارے کے چیف آف اسٹاف کو ہلاک کیا گیا ہے۔

بعد ازاں اسرائیل کی فوج نے کہا تھا کہ فضائی کارروائی کے بعد شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پیر کو اسرائیل بار ایسوسی ایشن کی میزبانی میں ہونے والی پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ رفح میں ہونے والے واقعے کی تفصیلات پر تحقیقات ہو رہی ہیں۔ ان کے بقول یہ تحقیقات مکمل کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج لڑائی کے دوران کسی بھی جنگ نہ لڑنے والے کو ہونے والے نقصان پر اظہارِ افسوس کرتی ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment