پاکستان کے صوبہ پنجاب کی نگراں وزیرِ اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ خفیہ اداروں کی فراہم کی گئی معلومات انتہائی خطرناک ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر میر نے کہا کہ عمران خان کی رہائش گاہ میں ان لوگوں نے بھی پناہ لی ہوئی ہے جنہوں نے لاہور کے کور کمانڈرز کے گھر جناح ہاؤس میں آگ لگائی اور توڑ پھوڑ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی حکومت تحریکِ انصاف کی قیادت کو 24 گھنٹوں کا وقت دے رہی ہے کہ فوج کی تنصیبات پر حملے کرنے والے دہشت گردوں کو پنجاب کی پولیس کے حوالے کر دیا جائے۔
بقول ان کے اداروں کے پاس اس کے شواہد موجود ہیںکہ جس وقت حملہ ہوا اور توڑ پھوڑ ہو رہی تھی تو حملہ آورا زمان پارک میں پی ٹی آئی کی قیادت سے رابطے میں تھے۔ وہ ان افراد کو ہدایات جاری کر رہے تھے۔
پنجاب کے نگراں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کے خلاف فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوگا جب کہ کیس انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں چلے گا۔ جرم کی شدت کے مطابق کیس کا فیصلہ ہوگا۔ ان افراد کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرے۔